بنگلورو،27؍جون(ایس او نیوز) ریاست میں کانگریس جنتادل (ایس) مخلوط حکومت کے استحکام کے متعلق ایک نجی بات چیت کے دوران کئے گئے تبصرے کو خفیہ ریکارڈنگ کے ذریعے فاش کئے جانے پر سابق وزیراعلیٰ اور حکمران اتحاد کے چیرمین سدرامیا نے افسوسناک قرار دیا ہے۔
دھرمستھلا میں دوران علاج اپنے اقرباء سے ان کی بات چیت کو خفیہ طور پر ریکارڈ کرکے فاش کئے جا نے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ اگر نجی بات چیت بھی محفوظ نہ رہے اور اپنے اقرباء سے اگر وہ اپنے احساسات کا اظہار نہ کر پائیں تو پھر اس سے زیادہ افسوسناک مرحلہ اور کیا ہوگا؟۔
سدرامیا نے کہاکہ یہ باتیں انہوں نے ان لوگوں کے سامنے کی ہیں جن پر ان کو بھروسہ تھا۔ اب پتہ نہیں ان میں سے کس بھروسے مندنے ان کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ ویڈیو دیکھنے کے بعد وہ یہ سمجھ نہیں پارہے ہیں کہ کس پر بھروسہ کریں اور کس پر نہیں۔ سابق وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ریاستی حکومت کے متعلق کانگریس اعلیٰ کمان کی طرف سے جو فیصلہ کیا گیا ہے وہ تمام کے لئے لاگو ہے اور اس کی وہ بھی پابندی کریں گے ، جہاں تک حکومت کے استحکام کے متعلق ان کا تبصرہ ہے وہ ایک ذاتی بات چیت تھی، جسے فاش کرنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی، اس ویڈیو کو فاش کرکے ریاست میں غیر ضروری طور پر ریاست میں سیاسی انتشار پیدا کیا گیا ہے۔